اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں ایشیائی سیاسی پارٹیوں کی کانفرنس کی پریزائیڈنگ کمیٹی کے اراکین نے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر لاریجانی نے اس ملاقات میں کہا کہ ایشیائی ملکوں کے درمیان اقتصادی، سیاسی، ثقافتی اور پارلیمانی تعاون میں توسیع بہت مفید ہوگی اور ان کے اتحاد کی تقویت میں مدد کرے گی۔
انھوں کہا کہ مستقبل کی دنیا میں بر اعظم ایشیا کا کردار بہت اہم ہوگا۔ اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی، ایشیائی سیاسی پارٹیوں کی فعالیت اور باہمی تعاون کے فروغ میں ان کے کردار کی حمایت کرتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی اساس اور بنیاد دینی جمہوریت ہے اور اسی بنا پر اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں جمہوری تحریکوں اور تغیرات کی حمایت کرتا ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کرنے والے ایشیائی سیاسی جماعتوں کی بین الاقوامی کانفرنس کی پریزائیڈنگ کمیٹی کے اراکین میں پاکستان مسلم لیگ قاف کے مرکزی رہنما مشاہد حسین سید بھی شامل تھے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے ان سے مخاطب ہو کے ایران اور پاکستان کو ایک دوسرے کا اچھا دوست قرار دیا-
ایشیائی سیاسی جماعتوں کی بین الاقوامی کانفرنس کے سیکریٹری جنرل یونگ نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایشیائی سیاسی پارٹیوں کی یہ بین الاقوامی تنظیم ایران کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں ایران اور دنیا کے پچاس سے زائد ملکوں کی ساڑھے تین سو سے زائد سیاسی جماعتیں شامل ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169